حیدرآباد۔26نومبر(اعتماد نیوز)مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج راجیہ
سبھا میں واضح کیا کہ شمس آباد ڈمیسٹک ٹرمنل کو این ٹی آر کے نام سے ہی بر
قرار رکھا جائیگا۔ آج کانگریس کے راجیہ سبھا ارکان ایوان میں اس مسئلہ پر
احتجاج کر رہے تھے۔جیٹلی نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت کی نظر میں این ٹی آر
اور راجیو گاندھی دونوں کے دونوں معزز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل
ٹرمنل کو راجیو گاندھی کا ہی نام بر قرار رکھا جا رہا ہے۔ تاہم کانگریس کے
ارکان پارلیمنٹ کے احاطہ میں واقع مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے پاس پلے کارڈ
کو تھامے احتجاج کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے اس
فیصلہ کو جب تک واپس نہیں لیا جاتا اس وقت تک وہ احتجاج سے باز نہیں
رہینگے۔ تلگو دیشم پارٹی نے کانگریس ارکان پارلیمنٹ کے احتجاج کو غیر مناسب
قرار دیا۔